پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے انتظامی اور آپریشنل امور کے لیے بڑی تعداد میں گاڑیوں کی مانگ کی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، لاہور کے لیے 36 گاڑیوں سمیت مجموعی طور پر 319 گاڑیاں طلب کی گئی ہیں۔ اس میں سنگل کیبن اور ڈبل کیبن گاڑیوں کی درخواست کی گئی ہے۔افسروں کے لیے 27 کاریں اور 73 ڈبل کیبن گاڑیاں درکار ہیں، جب کہ سی ٹی ڈی کو آپریشنل کرنے کے لیے 219 سنگل کیبن گاڑیاں طلب کی گئی ہیں۔ ایس پی اور دیگر اعلیٰ رینک کے افسران کے لیے 1 کار اور 1 ڈبل کیبن گاڑی کی ڈیمانڈ کی گئی ہے، اور ڈی ایس پی رینک کے افسران کے لیے ڈبل کیبن گاڑی فراہم کی جائے گی۔
انویسٹی گیشن اور آپریشنز کے انچارج کے لیے سنگل کیبن گاڑی دی جائے گی، اور لاہور کے دفاتر میں 6 سنگل کیبن گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں، بڑے اضلاع کے لیے 6 سنگل کیبن گاڑیاں طلب کی گئی ہیں، جبکہ اے کیٹگری کے اضلاع کے لیے 3 سنگل کیبن گاڑیاں اور بی کیٹگری کے اضلاع کے لیے 2 سنگل کیبن گاڑیاں مانگی گئی ہیں۔اسلحہ، فرنیچر، کمپیوٹرز اور دیگر سامان کی فراہمی فی الحال سی پی او کی جانب سے کی جائے گی۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی نے گاڑیوں کی ڈیمانڈ متعلقہ حکام کو بھیج دی ہے۔