عراق کے وزیراعظم علی الزیدی کے مطابق عراق میں موجود باقی ماندہ امریکی فوجی 30 ستمبر 2026 تک ملک سے مکمل طور پر نکل جائیں گے۔
بغداد نے 30 ستمبر کو امریکی قیادت میں داعش مخالف عالمی اتحاد کے فوجی مشن کے خاتمے کی حتمی تاریخ قرار دیا ہے۔ امریکی افواج کا انخلا مرحلہ وار جاری ہے اور زیادہ تر امریکی فوجی پہلے ہی عراق کے مختلف فوجی اڈوں سے واپس جاچکے ہیں۔عراقی حکومت کے مطابق امریکی فوجی مشن کے خاتمے کے بعد ملک کی سکیورٹی کی بنیادی ذمہ داری عراقی سکیورٹی فورسز سنبھالیں گی، تاہم بغداد اور واشنگٹن کے درمیان اقتصادی اور سکیورٹی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔امریکی فوجی انخلا 2024 میں طے پانے والے اس منصوبے کے تحت کیا جارہا ہے جس کا مقصد عراق میں داعش کے خلاف امریکی قیادت والے فوجی مشن کو مرحلہ وار ختم کرنا تھا۔ عراقی حکومت نے 30 ستمبر کے بعد بھی امریکی قیادت میں اتحادی فوجیوں کو ملک میں رکھنے کی تجویز مسترد کردی ہے۔یہ عراق میں امریکی فوجی موجودگی کے ایک اہم باب کا اختتام ہوگا۔ امریکی فوج 2003 کی جنگ کے بعد عراق میں موجود رہی، تاہم 2011 میں بڑی تعداد میں امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد 2014 میں داعش کے خلاف کارروائی کے لیے امریکی فوج دوبارہ عراق واپس آئی تھی۔