کیاگلیاری کے فرانسیسی فٹبالر یائل ٹریپی کو سوئمنگ پول میں پیش آنے والے حادثے کے بعد انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
اطالوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 20 سالہ فارورڈ یائل ٹریپی اتوار کو شمالی سارڈینیا کے علاقے پورٹو چیروو میں ایک سوئمنگ پول میں موجود تھے جہاں مبینہ طور پر انہوں نے بڑی مقدار میں پانی نگل لیا۔ واقعہ کے فوراً بعد انہیں ریسکیو کیا گیا اور اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ کلب نے تصدیق کی ہے کہ یائل ٹریپی اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت پر طبی عملہ مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ رپورٹس کے مطابق، ڈاکٹروں نے انہیں طبی طور پر کومہ میں رکھا ہوا ہے۔ کلب نے واقعے کی تفصیلات منظرعام پر آنے سے گریز کیا ہے اور کھلاڑی کے اہل خانہ کی رازداری کا احترام کرنے کی درخواست کی ہے۔ یائل ٹریپی نے گزشتہ سیزن میں کیاگلیاری کی جانب سے سیری اے کے آٹھ میچز کھیلے اور ایک گول اسکور کیا تھا۔ وہ 2022 میں کریتئیل سے کلب کی اکیڈمی میں شامل ہوئے تھے۔