پولیس کو بازیاب کرائے گئے15مزدوررہا کرنے کا حکم

 ڈنگہ کے علاقے میں زمیندار کی قیدسے مزدور ہائیکورٹ پیش،سماعت 
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو عدالتی حکم پر زمیندار کی قید سے بازیاب کرائے گئے پندرہ مزدوروں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس صادق محمود خرم نے امینہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت پولیس نے عدالتی حکم پر کارروائی کرتے ہوئے زمیندار کی قید سے پندرہ مزدوروں، جن میں مرد اور خواتین شامل ہیں، کو بازیاب کروا کر عدالت پیش کیا۔مزدوروں کی جانب سے صدر بانڈڈ لیبر یونین ممتاز ظہور نے عدالت کو بتایا کہ ڈنگہ کے علاقے میں زمیندار گل شیر نے درخواست گزار کے رشتے داروں کو قید کر رکھا تھا، زمیندار شاہد اور عامر پر بھی خواتین اور مرد مزدوروں کو مبینہ طور پر قید رکھنے کا الزام ہے۔ مزدوروں سے دو سال سے کام لیا جا رہا ہے لیکن مزدوری ادا نہیں کی گئی، انہیں تشدد کا بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ قید مزدوروں کو بازیاب کروا کے آزاد کیا جائے۔