سی سی ڈی کی کارروائیاں ، 10 بچے بازیاب

لاہور سمیت مختلف شہروں سے ملنے والے بچے والدین کے حوالے 
لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی ڈی اغوا برائے تاوان سیل نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے گمشدہ اور گھروں سے بھاگے ہوئے 10 بچوں کو بازیاب کرا لیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق بازیاب ہونے والے بچوں کا تعلق لاہور، قصور، راولپنڈی، اوکاڑہ، مظفرگڑھ، خانیوال اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں سے تھا۔ یہ بچے درباروں، ریلوے اسٹیشنز اور بس اسٹینڈز سے بازیاب کرائے گئے جہاں وہ بھٹک گئے تھے یا غیر محفوظ حالت میں موجود تھے۔ ترجمان نے کہا کہ تمام بچوں کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بحفاظت والدین کے حوالے کردیا گیا۔ اس سلسلے میں سیل نے جدید ٹیکنالوجی، مخبر نظام اور مقامی پولیس کے تعاون سے کارروائی کی۔ بچوں کی بازیابی پر والدین نے سی سی ڈی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا۔ ترجمان کے مطابق بچوں کے تحفظ اور گمشدگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دیں اور مشکوک سرگرمیوں کی صورت میں فوری اطلاع پولیس کو فراہم کریں۔