شہباز شریف عوامی مسائل حل کریں نواز شریف

 سیلاب متاثرین کی امداد کو اولین ترجیح دی جائے :نواز شریف ،وزیراعظم سے ملاقات ،ضمنی انتخابات پر مشاورت 
لاہور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا پہنچ کر صدر مسلم لیگ ن نواز شریف سے اہم ملاقات کی، وزیر اعظم نے نواز شریف کو خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب کے بعد کی صورتحال، ریسکیو و ریلیف اقدامات اور متاثرین کی بحالی کے منصوبوں پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور کہا وفاقی اور صوبائی ادارے ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں شریک ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،نواز شریف نے کہا خیبر پختونخوا میں سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع دلخراش اور افسوسناک سانحہ ہے،دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں کے پی کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ ضمنی انتخابات پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی ٹکٹوں کے اجراء ، امیدواروں کے انتخاب اور انتخابی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی، میاں نواز شریف نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل اور متاثرین کی امداد کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔قبل ازیں وزیراعظم ہائوس میں کی زیرِ صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اور ریسرچ سنٹر پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کو چینی کمپنی ہانگ کانگ آہوا کی جانب سے تیار کردہ کمپلیکس کا کنسیپٹ ڈیزائن پیش کیا گیا۔