خاتون کا فیکٹری ڈرائیور پر تشدد

پولیس نے خاتون سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، مزید کارروائی جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) مانگا منڈی کے علاقے میں فیکٹری ڈرائیور پر خاتون کے تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ حمیرا نامی خاتون شہری حامد پرویز کو ڈنڈے سے تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ ڈرائیور نے بتایا کہ اس نے حمیرا سے 8500 روپے ادھار لئے تھے جو چار روز قبل واپس کر دیے تھے، تاہم خاتون نے موبائل چوری کا الزام عائد کر دیا۔ اگلے روز حمیرا اپنے ساتھی محمد نعیم اور ایک نامعلوم شخص کے ساتھ حامد پرویز کو قوجیاں والے ڈیرہ سے اغوا کرکے اپنے گھر اعوان ہاؤس لے گئی اور وہاں تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کی فوٹیج منظر عام پر آتے ہی تھانہ مانگا منڈی پولیس نے خاتون حمیرا، محمد نعیم اور ایک دیگر شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث ملزمان نے ڈرائیور پر جھوٹا الزام لگا کر تشدد کیا جس کی تفتیش جاری ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری کو انصاف فراہم کیا جائے گا اور ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ شہریوں نے واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے پر سخت ردعمل دیا اور متاثرہ ڈرائیور کے حق میں آواز بلند کی۔