انسانی سمگلر نے جعلی فٹبال ٹیم جاپان بھجوا دی

ٹیم سیالکوٹ ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی ، دستاویزات جعلی ثابت ہونے پرچاپان سے ڈی پورٹ،ملزم وقاص گرفتار
گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ)جعلی فٹ بال ٹیم بنا کر 22افراد کو سیالکوٹ سے جاپان بھیجنے والے انسانی سمگلر کو گرفتار کرلیا گیا،ایف آئی اے کے مطابق 22 افراد پر مشتمل جعلی فٹبال ٹیم سیالکوٹ ایئرپورٹ سے جاپان پہنچی ، دستاویزات جعلی ثابت ہونے پرجاپان نے تمام افراد کو ڈی پورٹ کردیا جس پر سکینڈل میں ملوث ملزم ملک وقاص کو گرفتار کرلیا گیا، تمام افراد کو فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کی طرح تربیت دی گئی، ملزم نے 22 افراد سے فی کس 40 سے 45لاکھ روپے وصول کیے، تھانہ ایف آئی اے گوجرانوالہ میں واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ایف آئی اے نے بتایاکہ ملزم نے فٹ بال فیڈریشن کی جعلی رجسٹریشن دستاویزات بنائیں، جعلی دستاویزات کے مطابق ملزموں کے جاپان میں فٹ بال میچ شیڈول تھے، ملزم نے وزارت خارجہ کے جعلی کاغذات بھی تیار کیے تھے، 22 افراد نے فٹ بال ٹیم کے روپ میں سیالکوٹ ائیرپورٹ سے فلائی کیا، جاپان ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات پکڑی گئیں۔گرفتار ملزم نے اعتراف کیاکہ جنوری 2024 میں بھی جعلی فٹبال ٹیم بنا کر 17 افراد کو جاپان بھجوایا تھا۔