اٹلی کی معروف ماڈل اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار پامیلا جینینی کو ان کے بوائے فرینڈ نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ پامیلا جینینی پر ان کے 52 سالہ بوائے فرینڈ جیان لوکا سونچن نے فلیٹ میں جھگڑے کے دوران 24 سے زائد چاقو کے وار کیے۔پڑوسیوں نے جھگڑے کی آوازیں سن کر پولیس کو اطلاع دی، لیکن اہلکاروں کی آمد سے قبل ہی جینینی دم توڑ چکی تھیں۔ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں جسم پر 24 سے زیادہ زخم کی تصدیق ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد سونچن نے خودکشی کی کوشش میں اپنی گردن پر دو بار وار کیا، تاہم وہ زندہ بچ گئے اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔تحقیقات کے مطابق پامیلا جینینی اپنے بوائے فرینڈ سے علیحدگی کا فیصلہ کر چکی تھیں، جس پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ پولیس نے فلیٹ کو سیل کر دیا ہے اور فارنزک ٹیم شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔یاد رہے کہ پامیلا جینینی نہ صرف ایک کامیاب فیشن ماڈل تھیں بلکہ وہ کاروباری خاتون بھی تھیں — وہ ایک برانڈ کی مالک اور رئیل اسٹیٹ بزنس سے بھی وابستہ تھیں۔