بنکاک (نیٹ نیوز) تھائی لینڈ کے ایک ریسٹورینٹ میں سیلابی پانی ہونے کے باوجود گاہکوں کا رش لگا رہتا ہے، یہ ریسٹورینٹ آج کل سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ تھائی لینڈ ان دنوں شدید بارشوں اور سیلاب کی زد میں ہے اور ایسے میں وسطی تھائی لینڈ کا سیلابی پانی سے گھرا ہوا ایک ریسٹورینٹ کھانے کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے تقریباً 30 کلومیٹر دور صوبہ ناکھون پاتھوم (Nakhon Pathom ) کا ایک ریسٹورینٹ 11 روز قبل قریب ہی واقع دریا کا بند ٹوٹنے کے باعث پانی میں ڈوب گیا تھا تاہم پانی تھوڑا کم ہوتے ہی اب یہ ریسٹورینٹ لوگوں کے لیے ایک تفریحی مقام بن گیا ہے۔ریسٹورینٹ میں ایک سے ڈیڑھ فٹ تک پانی جمع ہے جہاں خوبصورت مچھلیاں تیرتی ہوئی صاف نظر آتی ہیں، یہاں آنے والے افراد کھانے کا لطف اٹھاتے ہیں جبکہ بچے اور بڑے دونوں پانی میں تیرتی مچھلیوں کو چارہ بھی ڈالتے ہیں۔ریسٹورینٹ کی مالک مول پرنگ پریمپری کا کہنا ہے کہ ان کا ریسٹورینٹ دریا کنارے واقع ہے اور اسے 30 سال سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب تقریباً چار سال پہلے پہلی بار ریسٹورینٹ میں سیلابی پانی آیا تو وہ بہت پریشان ہوئیں اور سوچا کہ اب کوئی گاہک نہیں آئے گا۔مول پرنگ پریمپری نے بتایا کہ تاہم بعد میں ایک گاہک نے آن لائن پوسٹ کیا کہ یہاں سیلابی پانی مچھلیاں ہیں تو اس کے بعد بہت سے لوگ یہاں کھانے کے لیے آئے اور اب سیلاب کے بعد یہاں دوبارہ لوگوں کا رش ہے، لوگ یہاں کھانا کھانے کے ساتھ تفریح کے لیے بھی آتے ہیں۔