غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں:وزیرخزانہ

دنیا پاکستان کے مائیکرو اکنامک استحکام سے مطمئن ہے، ہمیں ملائیشیا کے ماڈل کو اپنانا ہوگا
مجموعی اسلامک قرضوں کا حجم 14فیصد بڑھ گیا: گرین سکوک بانڈ کے اجراء کی تقر یب سے خطاب
کراچی(آئی این پی)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے  دنیا پاکستان کے مائیکرو اکنامک استحکام سے مطمئن ہے تاہم ہمیں ملائیشیا کے ماڈل کو اپنانا ہوگا، اسٹاک ایکس چینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، جس سے اس کی نشاندہی ہو رہی ہے کہ ہماری معیشت مستحکم ہوگئی   اور غیرملکی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گرین سکوک بانڈ کے اجرا کی تقریب کے دوران ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ  پاکستان کا پہلا ڈومیسٹک سکوک بانڈ متعارف کیا جا رہا ہے جس کے بعد مجموعی اسلامک قرضوں کا حجم 14فیصد بڑھ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان یوم تشکر جوش وجذبے کے ساتھ منا رہا ہے، سیز فائر کے بعد اسٹاک ایکس چینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔واشنگٹن اور لندن میں سرمایہ کاروں کے ساتھ کی جانے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ دنیا پاکستان کے مائیکرو اکنامک استحکام سے مطمئن ہے، گلوبل انویسٹرز توقع رکھتے ہیں کہ پاکستان اپنے حالیہ پالیسی اقدامات کو جاری رکھے گا جس میں ٹیکسوں کو بڑھانے کی پالیسی، شعبہ توانائی میں اصلاحات، رائیٹ سائزنگ اور قومی اداروں میں پیشرفت شامل ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ پر کام جاری ہے جس کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ہو رہی ہے اور اسٹیک ہولڈرز بجٹ تجاویز پیش کر رہے ہیں۔ ہمیں ملائیشیا کے ماڈل کو اپنانا ہوگا۔