فضل الرحمن پی ٹی آئی سے اتحاد کی تیاری

 پی ٹی آئی کی اصل قیادت جیل میں ہے اور باہر قیادت میں یکسوئی نہیں، اتحاد کیلئے اجلاس بلا لیا :فضل الر حمن 
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) پی ٹی آئی سے اتحاد کی تیاری میں مصروف ہے مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے اتحاد کیلئے اجلاس بلا لیا،موجودہ سیاسی صورتحال میں نوازشریف اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ملکی صورتحال پرتحریک کیلئے مشاورتی کونسل کا اجلاس بلایا جس میں حکومت مخالف تحریک میں پی ٹی آئی سے اتحاد پر فیصلہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اصل قیادت جیل میں ہے اور باہر قیادت میں یکسوئی نہیں، پی ٹی آئی سے معاملات میں تلخی کم ہوئی ہے، بیان بازی سے پی ٹی آئی کے ساتھ ممکنہ اتحاد میں دراڑ نہیں پڑے گی، میرے خلاف اگر کوئی بیان دیتا ہے تو پی ٹی آئی کو نوٹس لینا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ شیخ وقاص اکرم اور ان کے بڑوں سے میرا تعلق ہے، عید کے بعد تحریک چلانے کا فیصلہ کریں گے، یکطرفہ فیصلے بند نہ کئے تو ملکی سیاست میں شدت آئے گی۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ موجودہ حکمران الیکشن جیت کر نہیں آئے، حکومت میں شمولیت کیلئے حکمران منتیں کرتے رہے، آصف زرداری انجوائے کر رہے ہیں، جب ہم نکلیں گے تو یہ کہیں گے کہ ملک کا خیال کریں، عوام پارلیمنٹ سے ناراض ہیں، ایسے ملک نہیں چل سکتا۔