شاہد آفریدی کا اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، پاکستانی مشن سے ملاقات

شاہد آفریدی کا اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، پاکستانی مشن سے ملاقات

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے مستقل مشن کے سفیر   عاصم افتخار احمد سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق یہ دورہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی دعوت پر کیا گیا، جس میں شاہد آفریدی کو ادارے کے مختلف شعبہ جات اور عالمی سطح پر امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ میں اقوامِ متحدہ کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ملاقات کے دوران سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آفریدی نے اپنی جارحانہ بیٹنگ، آل راؤنڈ کارکردگی اور شاندار اسپورٹس مین اسپرٹ کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ شائقین کے دل جیتے ہیں۔انہوں نے شاہد آفریدی کی فلاحی اور انسانی خدمت کی سرگرمیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی سماجی بہبود کے منصوبوں نے خاص طور پر محروم طبقات کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل سفارت کاری (Sports Diplomacy) ایک مؤثر ذریعہ ہے جو سرحدوں سے بالاتر ہو کر اقوام اور عوام کو قریب لاتا ہے اور باہمی احترام و افہام و تفہیم کو فروغ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف تفریح بلکہ امن، خیرسگالی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

دورے کے دوران سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کو اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا، جن میں کثیرالجہتی نظام کے فروغ، سفارت کاری اور عالمی امن کے لیے پاکستان کی کوششیں شامل ہیں۔شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے اور پرتپاک میزبانی پر پاکستان مشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقل مشن عالمی سطح پر مکالمے، تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کر رہا ہے۔بعد ازاں سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا، جس میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر  عثمان جدون اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کھیل اور سفارت کاری مل کر اقوام کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے اور عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔