وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بعض عناصر بجٹ کے خدوخال جانے بغیر تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں اور منفی ماحول پیدا کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، جبکہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود ریلیف پر مبنی بجٹ پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے بجٹ پر بریفنگ کے دوران کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے مشکل معاشی حالات میں ملک کی معیشت کو سنبھالا اور ملک کو بارہا آئی ایم ایف پروگرام سے نکالنے میں کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ذاتی کوششوں سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاملات طے کیے، جس کے باعث معاشی استحکام کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں ٹیکس نیٹ کو بہتر بنایا گیا ہے اور ٹیکس نہ دینے والوں کا بوجھ ٹیکس دینے والے طبقے پر نہیں ڈالا گیا۔ ان کے مطابق شوگر ملز سے 60 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ انفورسمنٹ اقدامات کے ذریعے ایک سال میں 800 ارب روپے اکٹھے کیے گئے۔وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تاجروں اور دکانداروں کا ہمیشہ یہ مطالبہ رہا ہے کہ ٹیکس کے نظام کو آسان بنایا جائے، اور حکومت اسی سمت میں پائیدار اصلاحات کے ذریعے معاشی استحکام کو جاری رکھنا چاہتی ہے۔