پشین میں 4.4 شدت کا زلزلہ، شہری خوفزدہ، کراچی میں جھٹکوں کی تعداد 42 ہو گئی

پشین میں 4.4 شدت کا زلزلہ، شہری خوفزدہ، کراچی میں جھٹکوں کی تعداد 42 ہو گئی

بلوچستان کے ضلع پشین میں پیر کے روز زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

 زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ مرکز پشین سے 21 کلومیٹر جنوب مشرق میں اور گہرائی 12 کلومیٹر زیر زمین تھی۔زلزلے کے فوراً بعد شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ادھر کراچی میں بھی گزشتہ روز زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

 زلزلہ پیما مرکز کے مطابق دو جھٹکوں کی شدت بالترتیب 2.5 اور 2.6 تھی، جن کا مرکز ڈی ایچ اے سٹی کے اطراف 40 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یکم جون سے اب تک کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں کی مجموعی تعداد 42 ہو چکی ہے، جو خطے میں فالٹ لائنز کی مسلسل سرگرمی کا واضح اشارہ ہے۔ عوام کو محتاط رہنے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔