پاکستانی یوٹیوبر اور بزنس مین معاز صفدر 10 محرم الحرام (یوم عاشورہ) سے متعلق اپنے ایک بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کلپ میں معاز صفدر کی جانب سے عاشورہ کے حوالے سے دی گئی رائے پر متعدد صارفین نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ خاص طور پر شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے کئی صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ اس بیان سے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔وائرل ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مختلف آرا سامنے آئیں، جہاں بعض صارفین نے معاز صفدر کے بیان کو غیر حساس قرار دیتے ہوئے تنقید کی، جبکہ کچھ صارفین نے مذہبی معاملات پر گفتگو کرتے وقت احتیاط اور احترام کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔تنقید کرنے والے صارفین کا کہنا تھا کہ محرم الحرام اور یوم عاشورہ مسلمانوں کے لیے انتہائی اہم اور حساس مذہبی موقع ہے، اس لیے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے الفاظ کے انتخاب میں احتیاط ضروری ہے۔تاحال معاز صفدر کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تفصیلی وضاحت یا باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر معروف شخصیات کے مذہبی، سماجی اور سیاسی موضوعات پر بیانات اکثر بحث کا موضوع بن جاتے ہیں، جہاں مختلف طبقات اپنی آرا کا اظہار کرتے ہیں۔