پنجاب کے شناختی کارڈ پر خریدی گاڑی ڈیلر رجسٹر کر کیمالک کے حوالے کریگا
لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے صوبے میں فروخت ہونے والی تمام نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن پنجاب ہی میں لازمی قرار دینے کیلئے اقدامات تیز کر دئیے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب عمر شیر چٹھہ نے موٹر برانچز کے افسران اور گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں (کار مینوفیکچررز) کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب میں فروخت ہونے والی ہر گاڑی کی رجسٹریشن یقینی بنائی جائے۔ڈی جی ایکسائز نے اپنے دفتر میں کار مینوفیکچررز اور موٹر برانچز کے ڈائریکٹرز کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے شناختی کارڈ پر خریدی جانے والی گاڑی متعلقہ ڈیلر رجسٹر کر کے ہی مالک کے حوالے کرے گا تاکہ رجسٹریشن کا عمل مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مینوفیکچررز اپنے مجاز ڈیلرز کی مکمل فہرستیں متعلقہ موٹر برانچز کو فراہم کریں، جبکہ فہرستیں موصول ہوتے ہی ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم (DVRS) کے تحت لائسنسوں کے اجرا کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ عمر شیر چٹھہ کے مطابق تمام اہل ڈیلرز کو بروقت ڈی وی آر ایس لائسنس جاری کیے جائیں گے۔ڈی جی ایکسائز نے بتایا کہ اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر میں 102 ڈیلرز کے پاس ڈی وی آر ایس لائسنس موجود ہیں، جبکہ ڈیلرز گاڑی کی رجسٹریشن کے عوض دو ہزار روپے سروس چارج وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام کو مزید شفاف اور م ئوثر بنانے کے لیے سروس چارجز میں معمولی اضافہ بھی زیر غور ہے۔عمر شیر چٹھہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نئی پالیسی پر فوری عملدر آمد یقینی بنایا جائے تاکہ پنجاب میں فروخت ہونے والی تمام گاڑیاں بروقت صوبے میں ہی رجسٹر ہو سکیں اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔