واشنگٹن: امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں امریکی فوج نے مسلسل چھٹے روز بھی ایران کے مختلف علاقوں میں فضائی کارروائیاں کیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق ان حملوں کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو محدود کرنا اور اس کے فوجی ڈھانچے کو مزید کمزور کرنا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے ساحلی شہر بندر خمیر میں واقع ایک اہم پل کو رات گئے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا۔ بعد ازاں ایرانی خبر رساں اداروں نے حملوں میں 7 افراد کی ہلاکت اور 9 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق حملوں میں کیہوارستان پل اور بندر عباس کے ایک رہائشی علاقے کو بھی نقصان پہنچا، جس سے شہری انفراسٹرکچر متاثر ہوا۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بندر عباس کے قریب ایک پہاڑی پر نصب مواصلاتی ٹاور بھی امریکی حملے کی زد میں آیا، جس کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ادھر امریکی حکام نے حملوں میں نشانہ بنائے گئے مخصوص مقامات کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم سینٹکام کا کہنا ہے کہ ایران کی فوجی صلاحیت کو کمزور کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دوسری جانب ایرانی حکام حملوں کے نقصانات اور اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔