ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ 15 روزہ جائزے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہیں تو نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی سے ہونے کا امکان ہے۔ تاہم حکومت عوام پر اضافی مالی بوجھ کم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں کمی سمیت مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے تاکہ ممکنہ اضافے کے اثرات کو کسی حد تک کم کیا جا سکے۔دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائیں۔ادھر نیشنل کمیٹی آن مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن نے بعض مارکیٹ عناصر کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ضروری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے یا ناجائز منافع خوری کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔