لاہور میں دریائے راوی کے دو مختلف مقامات پر تین بچوں کے لاپتا ہونے کے بعد ریسکیو 1122، پولیس اور سیف سٹی کی ٹیموں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق بند روڈ کے قریب پل کے اطراف دو بچوں کے دریا میں گرنے کی اطلاع ملی، جس پر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ دونوں بچوں کی عمریں تقریباً 9 سے 10 سال بتائی جا رہی ہیں۔ تیز پانی کے بہاؤ کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ سیف سٹی کے تھرمل کیمروں کی مدد سے تلاش کا عمل جاری ہے۔دوسری جانب شاہدرہ سگیاں کے قریب نہاتے ہوئے 9 سالہ علی حمزہ بھی دریائے راوی میں لاپتا ہو گیا، جہاں پولیس اور ریسکیو ٹیمیں مشترکہ طور پر سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔تاہم ایس پی سٹی عاطف امیر نے کہا ہے کہ پل عبور کرتے ہوئے دو بچوں کے دریا میں گرنے کی اطلاع درست نہیں۔ ان کے مطابق ورثاء کی جانب سے موصول ہونے والی کال پر پولیس اور ریسکیو نے فوری کارروائی کی، جبکہ واقعے کی تحقیقات اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔