دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان شفقت علی نے واضح کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ دورۂ پاکستان کے حوالے سے دفتر خارجہ کو کسی قسم کی معلومات موصول نہیں ہوئیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر کے پاکستان آنے کی خبروں سے وہ لاعلم ہیں۔قبل ازیں مختلف ذرائع سے خبریں سامنے آئی تھیں کہ امریکی صدر 18 ستمبر کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے جہاں ان کی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔تاہم رائٹرز کے مطابق امریکی صدر 17 سے 19 ستمبر تک برطانیہ کے دورے پر ہوں گے، جس کی تصدیق برطانوی شاہی محل کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دورہ شاہ چارلس کی دعوت پر ہو رہا ہے۔دفتر خارجہ کے بیان کے بعد پاکستان میں امریکی صدر کے متوقع دورے کی قیاس آرائیاں بے بنیاد دکھائی دیتی ہیں۔