حمیرا اصغر کی پراسرار موت، پولیس کا تاحال ناکامی کا اعتراف

 رپورٹ عدالت میں پیش،جج نے تفتیشی افسر سے پوسٹ مارٹم رپورٹ طلب کرلی 
 کراچی (آئی این پی )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی جنوبی کی عدالت میں اداکارہ حمیرا اصغر کی گھر سے لاش برآمد ہونے کے معاملے پر شہری کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے تفتیشی افسر سے پوسٹ مارٹم رپورٹ طلب کر لی۔سماعت کے دوران ایس پی کمپلین سیل نے رپورٹ عدالت میں جمع کراتے ہوئے آگاہ کیا کہ ایس پی کلفٹن کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جاچکی ہے، جس نے اب تک متعدد افراد کے بیانات قلمبند کیے ہیں۔ تاہم رپورٹ کے مطابق تاحال کسی قسم کی واضح پیش رفت یا کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرحومہ کے اہل خانہ سے بھی تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ڈی این اے اور دیگر سائنسی نمونے حاصل کرنے کے بعد لاش کو قانونی کارروائی مکمل کرکے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔