یو این سی آر سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ہمارے لئے اعزاز ہے:سارہ احمد

یو این سی آر سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ہمارے لئے اعزاز ہے:سارہ احمد

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے جنیوا میں یو این سی آر سی کے 100ویں جائزہ اجلاس میں حکومتِ پاکستان کی نمائندگی کی۔

 اجلاس میں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی، جس میں سیکرٹری انسانی حقوق عبد الخالق شیخ اور دیگر شامل تھے۔اجلاس کے دوران پاکستان نے بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ سارہ احمد نے بتایا کہ ملک میں سٹریٹ چلڈرن کے تحفظ، بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں، اقلیتی بچوں کے لیے بین المذاہب چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی قائم کی گئی، اور ریسکیو کیے گئے بچوں کو تعلیم، صحت، رہائش، قانونی معاونت اور نفسیاتی کونسلنگ فراہم کی جا رہی ہے۔وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے واضح اور جامع پالیسی موجود ہے۔ اجلاس میں پاکستان کے اقدامات پر کمیٹی نے سوالات کیے جن کے مؤثر جوابات دیے گئے۔ اس موقع پر سارہ احمد نے پاکستان کے مستقل نمائندے بلال احمد سے بھی ملاقات کی۔