وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی پر قابو پانا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں رمضان کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں اور پنجاب میں بھی یہی رویہ اختیار کیا جائے گا۔ سہولت بازاروں کے قیام سے شہریوں کو ریلیف ملے گا اور کسی کو قطار میں کھڑا ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو ریلیف کارڈ کے ذریعے امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ مزدور کارڈ رکھنے والوں کو 7 ہزار روپے اضافی ملیں گے، اور تمام افراد رقوم اے ٹی ایم کے ذریعے نکال سکیں گے۔وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ، کمشنرز اور ڈی سیز کو مکمل ذمہ داری ادا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ رمضان میں گراں فروشی پر سختی سے کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کو کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، پیرا فورس گراں فروشی روکنے میں تعاون کرے گی، اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ گراں فروشی کرنے والے دکاندار کو تین دن کے لیے سیل کیا جائے گا۔مریم نواز نے زور دیا کہ رمضان میں عوامی ریلیف یقینی بنانے کے لیے ہر ادارے اور حکام کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا تاکہ شہری بلا تعطل سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔