چترال کی وادی کالاش کے گاؤں شیخاندہ بمبوریت میں دو روزہ مقامی سرمائی کھیلوں کے میلے کا آغاز ہو گیا ہے۔
یہ میلہ لوئر چترال کی ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام منعقد ہو رہا ہے اور علاقے کی منفرد ثقافتی شناخت اور روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنے کی اہم کاوش کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔میلے میں نسل در نسل منتقل ہونے والے روایتی کھیل پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں بزکشی کے سنسنی خیز مقابلے، مقامی کھیل ‘ہِم غال’ (برفانی پولو) اور روایتی کشتی شامل ہیں، جو شائقین کی توجہ کا مرکز رہے۔ قدیم کھیلوں میں مہارت رکھنے والے مقامی کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرے کیے اور سیاحوں کو ہندوکش کی قدیم کھیلوں کی روایت سے روشناس کرایا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد عیسیٰ خان نے بتایا کہ میلے کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور قدیم روایات کو زندہ رکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے نہ صرف تاریخ محفوظ رہے گی بلکہ مقامی معیشت بھی فروغ پائے گی اور دنیا کو کالاش قوم کی مہمان نوازی دیکھنے کا موقع ملے گا۔انتظامیہ نے میلے سے قبل سٹیج، تماشائیوں کے بیٹھنے کے انتظامات، سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کا جامع منصوبہ مکمل کیا ہے تاکہ بڑی تعداد میں آنے والے افراد کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔ میلے میں سیاحوں کی آمد سے مقامی گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلوں اور دستکاری کی دکانوں سمیت دیگر کاروباروں کو بھی نمایاں فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔