وادی نیلم میں قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ڈرائیور گرفتار

وادی نیلم میں قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ڈرائیور گرفتار

آزاد کشمیر کے ضلع نیلم میں پولیس نے قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ گاڑی کو ضبط کرکے مالک کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈیودار (دیار) کی لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی کٹھہ پیراں سے اٹھ مقام منتقل کی جا رہی تھی۔ دورانِ چیکنگ پولیس نے گاڑی کو روک کر تلاشی لی تو معلوم ہوا کہ ڈرائیور کے پاس لکڑی کی ترسیل کے حوالے سے کوئی قانونی دستاویز موجود نہیں تھی۔ جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔مزید تفتیش کے دوران پولیس نے گاڑی کے مالک کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جنگلات کی کٹائی اور لکڑی کی غیر قانونی نقل و حمل پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ میں بھی کشمیر کے محکمہ جنگلات نے ایک بڑی کارروائی کے دوران مظفرآباد ضلع کے پٹیکا فارسٹ چیک پوسٹ پر قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی تھی۔

 محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق اس واقعے میں ملزمان نے لکڑی کو ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھا تھا۔ جب گاڑی کو پٹیکا چیک پوسٹ پر روکا گیا اور تلاشی لی گئی تو ان خفیہ خانوں سے دیار کی بھاری مقدار برآمد ہوئی، جسے وادی نیلم سے مظفرآباد منتقل کیا جا رہا تھا۔محکمہ جنگلات اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے ان عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جو قدرتی وسائل کو نقصان پہنچا کر منافع کمانے کی کوشش کرتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنگلات کی حفاظت اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے سخت قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔