اسرائیلی جاسوسی تھرلر سیریز تہران کی پروڈیوسر ڈانا ایڈن یونان کے شہر ایتھنز ک کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائی گئیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونانی پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز پیش آنے والے واقعے کو ابتدائی طور پر خودکشی قرار دیا گیا ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی نتیجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گا۔ڈانا ایڈن 50 برس کی اسرائیلی پروڈیوسر تھیں اور وہ سیریز ’تہران‘ کی شریک تخلیق کار بھی تھیں۔ وہ ایتھنز میں سیریز کے چوتھے سیزن کی شوٹنگ کے سلسلے میں موجود تھیں۔پولیس کے مطابق ان کے اہلِ خانہ، خصوصاً بھائی کی اطلاع پر حکام کو واقعے کا علم ہوا، کیونکہ متعدد فون کالز کے باوجود ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔ حکام نے ہوٹل اسٹاف کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔پولیس ترجمان کانسٹنٹینا ڈیموگلیڈو کے مطابق قتل کے امکان کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروڈیوسر ایک بیماری کے لیے ادویات استعمال کر رہی تھیں اور ماضی میں اسپتال میں داخل بھی رہ چکی تھیں۔
کمرے سے ایسی گولیاں بھی ملی ہیں جو مبینہ طور پر نشے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی میڈیا میں ایران سے ممکنہ تعلق کی تحقیقات کی خبروں کے بعد پروڈکشن کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ یہ کوئی مجرمانہ واقعہ نہیں اور گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔پروڈکشن کمپنی نے بیان میں کہا کہ یہ واقعہ خاندان، دوستوں اور ساتھیوں کے لیے شدید صدمے کا باعث ہے، اور اپیل کی کہ افواہوں کے بجائے حقائق سامنے آنے کا انتظار کیا جائے۔