سرکاری ملکیتی اداروں میں بہتری لانا حکومت کی ذمہ داری،مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ گورننس کو مزید موثر بنایا جا سکے
حکومت نجکاری کی پالیسی پر گامزن ،وزیرِ اعظم کی ہدایت ہے نجکاری کے عمل کو مکمل شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے:وفاقی وزیرکا بیان
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے حکومت ہر شعبے میں شفافیت یقینی بنا رہی ہے اور تمام معاشی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں۔ ایک بیان میں وفاقی وزیرنے کہا کہ سرکاری ملکیتی اداروں میں بہتری لانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور گزشتہ تین برسوں میں ان اداروں کے خساروں میں کمی آئی ہے، مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ گورننس کو مزید موثر بنایا جا سکے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ 25 کروڑ کی آبادی کو حکومت براہِ راست روزگار فراہم نہیں کر سکتی، اس کے لیے نجی شعبے کو فعال بنانا ہوگا، کچھ کمپنیوں کے منافع میں کمی واقع ہوئی تاہم مجموعی طور پر اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں تعینات کیے جانے والے چیئرپرسن یا چیئرمین کا تعلق نجی شعبے سے ہے تاکہ پیشہ ورانہ مہارت سے فائدہ اٹھایا جا سکے، بعض ایسے ادارے جو مسلسل خسارے میں جا رہے تھے انہیں بند کیا جا چکا ہے یا بند کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ متاثرہ ملازمین کو پیکیج دئیے گئے ہیں۔