شجاعت حسین حکومت،اپوزیشن مفاہمت کیلئے سرگرم
میر نصیر خان مینگل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے چیئرمین ،غلام مصطفی ملک وائس چیئرمین مقرر ،کمیٹی بلوچستان میں احساس محرومی کے خاتمے کے لیے تجاویز بھی مرتب کرے گی۔پولیٹیکل کوآرڈی نیشن کمیٹی ملک میں پبلک سیکٹر کی بہتری کے لئے بھی کردار ادا کریگی
لاہور،اسلام آباد( خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ (ق ) کے سربراہ چودھری شجاعت حکومت،اپوزیشن میں مفاہمت کیلئے سرگرم ہو گئے ، مسلم لیگ (ق ) کے سربراہ چودھری شجاعت نے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لیے پولیٹیکل کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کر دی۔ جاری بیان کے مطابق میر نصیر خان مینگل کمیٹی کے چیئرمین جبکہ غلام مصطفی ملک وائس چیئرمین مقرر کئے گئے اور کمیٹی کے اراکین میں طارق حسن،انتخاب چمکنی،ڈاکٹر رحیم اعوان شامل ہیں۔مصطفی ملک پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات، ترجمان، دو وفاقی وزارتوں اوورسیز پاکستانیز ومذیبی امور کے فوکل پرسن اور مشیر ہیں۔کمیٹی معاشی اور سیاسی استحکام کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی۔ پولٹیکل کمیٹی ملک میں نیشنل ڈائیلاگ کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط قائم کرے گی۔ کمیٹی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو بھی نیشنل ایشوز پر اکٹھا چلنے پر آمادہ کرے گی۔کمیٹی بلوچستان میں احساس محرومی کے خاتمے کے لیے تجاویز بھی مرتب کرے گی۔پولیٹیکل کوآرڈی نیشن کمیٹی ملک میں پبلک سیکٹر کی بہتری کے لئے بھی کردار اداکرے گی۔