پاکستان میں پانی کے غیر زرعی استعمال میں نمایاں اضافہ متوقع: عالمی بینک

 2047تک درجہ حرارت میں 3ڈگری سینٹی گریڈ اضافے ،پانی کی طلب میں 60فیصد اضافے کا امکان ہے
اسلام آباد (آئی این پی )عالمی بینک نے کہا ہے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں غیر زرعی مقاصد کے لیے پانی کے استعمال میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی بینک کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سالانہ 4.9 فیصد کی بلند شرح نمو اور 2047تک درجہ حرارت میں 3ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کے ساتھ پانی کی طلب میں 60 فیصد اضافے کا امکان ہے۔درجہ حرارت کا بڑھنا پانی کے 15 فیصد اضافی استعمال کی وجہ بنے گا جبکہ آئندہ 3 دہائیوں میں غیر زرعی طلب کو پورا کرنے کے لیے آبپاشی کے 10 فیصد پانی کو دوبارہ استعمال کرنے کی ضرورت ہوگی۔کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک برائے 35-2026 دستاویز کے مطابق غذائی تحفظ پر سمجھوتہ کیے بغیر اتنی بڑی مقدار کو تک کرنا ایک بڑا چیلنج ہے جس کے لیے پانی کے تحفظ کی حوصلہ افزائی کرنے، زرعی شعبے میں پانی کے استعمال کی کارکردگی بڑھانے اور پانی پر مبنی فصلوں سے دور رہنے کے لیے خاطر خواہ پالیسی اصلاحات کی ضرورت ہوگی۔پنجاب میں ورلڈ بینک گروپ کی شمولیت سے زرعی پالیسی اور پانی کے انتظام میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی لچک کی حامل زرعی تبدیلی کو فروغ دینے کے لیے مارکیٹوں اور ویلیو چینز تک رسائی میں مدد ملے گی جبکہ بلوچستان اور سندھ میں آپریشنز سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔