ٹریفک وارڈنز و افسران کے پروموشن سٹرکچر کی منظوری دیدی گئی
لاہور( کرائم رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف نے ٹریفک وارڈنز کے پروموشن سٹرکچر کے لئے لائحہ عمل کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت گریڈ 16 کے سینئر ٹریفک وارڈنز اور گریڈ 17 کے ٹریفک افسران کی نشستوں پر ترقی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے اس اقدام سے ٹریفک افسران اور وارڈنز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ سینئر ٹریفک وارڈنز اور ٹریفک افسران نے ترقی یقینی بنانے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے اظہار تشکر کیا ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ٹریفک افسران پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے امتحان پاس کر کے اگلے گریڈ میں ترقی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ50 فیصد پروموشنز سنیارٹی جبکہ 50 فیصد پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان کے ذریعے دی جائیں گی۔ سینئر ٹریفک وارڈنز اور ٹریفک افسران کی ترقی کے لئے پی پی ایس سی کے ذریعے امتحان جلد منعقد کیا جائے گا۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سینئر ٹریفک وارڈنز کی سیٹ پر ترقی کے لئے امتحان دینے والے افسران کی عمر کی حد 50 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ ٹریفک افسر کی سیٹ پر ترقی کے لئے 52 سال تک کی عمر کے افسران امتحان دینے کے اہل ہوں گے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا گیا کہ شفاف محکمانہ ریکارڈ، متعلقہ کورسز کی تکمیل اور کم از کم سیکنڈ ڈویڑن میں بیچلر ڈگری رکھنے والے افسران پروموشن امتحان دینے کے اہل ہوں گے۔واضح رہے کہ وارڈنز کی تیز رفتار پروموشن کے لئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کو حکومت پنجاب نے منظور کر لیا ہے۔