قبضہ گروپوں کیخلاف بڑے آپریشن کا آغاز

کماہا ں میں قبضہ گروپ کروڑوں کی زمین وا گزار کرا لی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)لیکوڈیشن کمیٹی کالونیز ڈیپارٹمنٹ بورڈ آف ریونیو پنجاب نے قبضہ گروپوں کیخلاف بڑے آپریشن کا اغاز کر دیا۔کماہا ں کے علاقے میں ایک بڑے قبضہ گروپ کے خلاف کامیاب آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی زمین واہ گزار کرا لی گئی۔یہ آپریشن چیئر پرسن لیکوڈیشن کمیٹی بورڈ آف ریونیو پنجاب کی ہدایات پر کیا گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ سرکاری زمین گزشتہ کئی برسوں سے ایک بااثر قبضہ گروپ کے ناجائز قبضے میں تھی۔ چیئر پرسن لیکوڈیشن کمیٹی کو موصول ہونے والی شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے زمین واگزار کرانے کے احکامات جاری کیے گئے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ریونیو پراپرٹیز پراپرٹیز لیگل ونگ کے اعلی افسروں کی ٹیم تشکیل دی اور ان کو فوری کاروائی کا حکم دیا احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے مشترکہ ٹیم نے کامیاب کارروائی کی اور قبضہ گروپ سے چھ کنال نو مرلے زمین واہ گزار کرا لی۔بتایا گیا ہے کہ اس قبضہ گروپ نے اپنے فارم ہائوس میں اس سرکاری زمین کو ملا رکھا تھا اور اس پر تعمیرات کر رکھی تھیں۔آپریشن کے بعد واگزار کرائی گئی زمین پر نگرانی کے لیے سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دئیے گئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن لیکوڈیشن کمیٹی اور ممبر کالونی نے کہا کہ لیکوڈیشن کمیٹی کی ملکیتی سرکاری زمین کے چپے چپے کا دفاع کیا جائے گا اور قبضہ گروپوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے گی۔