بغیر تحفظ کے سی پیک منصوبہ مکمل نہیں ہوسکتا:چینی ڈپٹی مشن

سی پیک متوازن ترقی میں لانگ ٹرم منصوبہ ،اس وقت بہتر انداز سے آگے بڑھ رہا ہے 
سکیورٹی حادثات سے  ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں: تقریب سے خطاب
 اسلام آباد(آئی این پی ) چینی سفارتخانے کے ڈپٹی مشن شی یوآن چھنگ نے کہا ہے  سی پیک متوازن ترقی میں لانگ ٹرم منصوبہ ہے۔چینی سفارتخانے کے ڈپٹی مشن شی یوآن چھنگ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے 10 سال مکمل ہونے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اس وقت بہتر انداز سے آگے بڑھ رہا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ اور پاکستان کی اعلی قیادت نے اس منصوبے پر دستخط کیے۔انہوں نے کہا کہ توانائی سمیت دیگر شعبوں میں دونوں ممالک نے اپنا تعاون بڑھایا۔ اور اورنج لائن منصوبہ سی پیک کا اہم منصوبہ ہے۔ رشکئی اقتصادی زون صنعتی تعاون کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اور سی پیک متوازن ترقی میں لانگ ٹرم منصوبہ ہے۔ ترقی کے لیے تحفظ ضروری ہے اور بغیر تحفظ کے سی پیک منصوبہ مکمل نہیں ہوسکتا۔یوآن چھنگ نے کہا کہ سیکیورٹی حادثات سے سی پیک کے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں۔