لاہور 2024 میں 120ویں اور 2025 میں 129ویں نمبر پر تھا:رپورٹ
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ٹریولنگ ٹائم کے حوالے سے 149ویں نمبر پر ہے، جو 2024 کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ روڈ انفراسٹرکچر میں بہتری، زیرو ٹالرنس پالیسی، مئوثر ٹریفک مینجمنٹ، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ٹریفک قوانین کی پابندی کے باعث لاہور کے ٹریولنگ ٹائم میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے انڈرپاسز، سگنل فری کوریڈورز، غیر ضروری یوٹرنز کی بندش، ون وے کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی، مئوثر پٹرولنگ اور کیمروں کے ذریعے نگرانی نے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ورلڈ ٹریفک انڈیکس کے مطابق لاہور 2024 میں 120ویں اور 2025 میں 129ویں نمبر پر تھا، جبکہ موجودہ درجہ بندی میں لاہور 149ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ رپورٹ میں لاس اینجلس تیسرے، شارجہ چوتھے، نئی دہلی پانچویں، ڈھاکہ ساتویں، تہران 14ویں، استنبول 20ویں، ماسکو 29ویں، بینکاک 39ویں، ٹورنٹو 50ویں، سڈنی 57ویں، کراچی 64ویں اور میلبورن 65ویں نمبر پر ہیں۔اسی طرح بیجنگ 76ویں، دبئی 90ویں، لندن 119ویں، پیرس 142ویں اور ٹوکیو 145ویں نمبر پر موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق لاہور کا ٹریولنگ ٹائم کراچی اور اسلام آباد کے مقابلے میں بہتر ہے۔