ترقیاتی منصوبوں کیلئے134ارب منظور

 سیوریج ، نکاسی آب و دیگر کاموں پر124ارب خرچ ہونگے،نئے کالجز،سب کیمپسزکیلئے9ارب 47کروڑ کی منظوری 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2025-26 کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 29 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی سکیموں کیلئے 134 ارب روپے کے فنڈ کی منظوری دیدی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بی ڈاکٹر نعیم ر ئوف نے کی۔ سی ایم انیشیٹو کے تحت نئے کالجز کی تعمیر کیلئے7ارب 47 کروڑ ، سی ایم انیشیٹو کے تحت پہلے سے موجود یونیورسٹیوں کے سب کیمپسز کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کیلئے 2 ارب ، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 16اضلاع میں ترقیاتی کاموں کیلئے 124ارب کی منظوری دی گئی۔ساہیوال ، لودھراں ، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، فیصل آباد ،بہاولپور، وہاڑی، کوٹ ادو ، سیالکوٹ، اٹک ، شیخوپورہ،سرگودھا، نارووال،اوکاڑہ، قصور اور وزیر آباد کے اضلاع میں سیوریج ، نکاسی آب و دیگرترقیاتی کام کئے جائینگے۔ پنجاب آرکائیو فیز تھری کی ڈیجیٹلائزیشن کے پوزیشن پیپر، پنجاب میں بزنس فسلی ٹیشن ای بز پورٹل کیلئے پوزیشن پیپر ، پنجاب ای کامرس انیشیٹو کے پوزیشن پیپر ، چیف منسٹر آئی ٹی انٹرنشپ پروگرام کے پوزیشن پیپر ، پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ، آئی اینڈ سی ونگ، ایس اینڈ جی اے ڈی کے پوزیشن پیپر ، پنجاب میں آن لائن شماریاتی نظام کے پوزیشن پیپر کی منظوری بھی دی گئی۔