16 گواہان کے بیانات ریکارڈ ، عمران خان اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ، دو گواہوں پر جرح مکمل
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں ساڑھے 6 گھنٹے تک جاری رہنے والی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ پیر کو ہونے والی سماعت میں دو گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کر لی گئی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت پیش کیا گیا، مقدمہ میں ابتک مجموعی طور پر 16 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرکے جرح بھی مکمل کر لی گئی۔ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل اسلام اباد شاہ رخ ارجمند نے کی۔ سماعت کے دوران وعدہ معاف گواہ پرائیویٹ اپریزر صہیب عباسی کے بیان پر وکلاء صفائی نے اپنی جرح مکمل کی دوران سماعت سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری انعام شاہ کے بیان پر بھی وکلاء صفائی نے جرح مکمل کی، عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے 2 مزید گواہان سابق وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈیر محمد احمد، ڈپٹی ملٹری سیکرٹری کرنل ریحان کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا ہے، سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں، بیرسٹر علی ظفر بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔