ایشیا کپ 2025 میں بنگلادیشی ٹیم کو ابوظبی میں منگل کے روز افغانستان کے خلاف اہم مقابلے کا سامنا ہوگا۔
یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 7 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔افغانستان نے اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 94 رنز سے شکست دی تھی اور اب وہ گروپ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دوسری جانب بنگلادیش اب تک دو میچ کھیل چکا ہے، پہلے میچ میں اس نے ہانگ کانگ کو ہرایا، تاہم دوسرے میچ میں اسے سری لنکا کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
گروپ بی کی پوائنٹس ٹیبل کے مطابق سری لنکا اس وقت 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ افغانستان اور بنگلادیش دو، دو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ میں مضبوط دعوے دار بن جائے گی۔