ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس کی سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی

اسلام آباد(آئی این پی )ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں دو گواہان ڈاکٹر ہرپال کمار اور ڈاکٹر آمنہ کے بیان ریکارڈ کر لئے گئے۔  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے مبینہ قتل کے کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیس پر سماعت کی۔استغاثہ کے دو گواہان ڈاکٹر ہرپال کمار اور ڈاکٹر آمنہ کے بیان ریکارڈ کر لئے گئے۔ سرکاری وکیل راجہ نوید حسین نے کہا کی یہ دونوں گواہان ڈاکٹر ہیں انکی مصروفیات ہوتی ہیں۔ ملزم کے وکلا آج ہی ان گواہان پر اپنی جراح مکمل کریں۔سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ جان بوجھ کر کیس کو طول دینے کیلئے  ساتھ جراح مکمل نہیں کی جارہی۔ عدالت ملزم کے وکیل کو پابند کرے کہ اگلی سماعت پر جرح ہو۔ عدالت نے وکلا صفائی کو اگلی سماعت میں استغاثہ کے گواہان پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو دوستی کرنے کی خواہش رکھنے والے ایک نوجوان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔