قربت کاخراج

سمیع اللہ ملک(پہلی قسط)
جب ریاستوں کی دوستی تجارتی معاہدوں کی محتاج ہونے لگے،سفارتکاری کے راستوں پرپیشہ ورثالث کھڑے دکھائی دیں اور حکمرانوں کی ذاتی قربت قومی خزانے سے اداہونے والی رقوم کے سوالات میں گھرجائے،تومعاملہ محض چندٹیلی فون کالوں کانہیں رہتا؛وہ سیاسی اخلاقیات،سفارتی خودمختاری اورقومی وقارکے امتحان میں تبدیل ہوجاتاہے۔
تاریخِ سیاست کادفترعجیب وغریب حکایات سے معمورہے۔کہیں بادشاہوں نے سفیروں کے ذریعے سلطنتوں کی تقدیریں بدلیں،کہیں درباروں کے مصاحبین نے فرمانرواں کے درمیان قربت کی راہیں ہموارکیں،اورکہیں اقتدارکے ایوانوں تک رسائی خودایک ایسی متاع بن گئی جس کی قیمت زروجواہرسے اداکی جاتی تھی۔عہدِحاضرمیں اگرچہ تاج وتخت کی جگہ منتخب حکومتوں نے لے لی ہے، لیکن اقتدارکی قربت،سیاسی اثرورسوخ اورفیصلہ سازوں تک رسائی کی اہمیت بدستورقائم ہے۔فرق صرف اتناہے کہ قدیم درباروں کے مصاحبین کی جگہ اب لابنگ فرموں،سیاسی مشیروں اورتعلقاتِ عامہ کے ماہرین نے سنبھال لی ہے۔
اسی پس منظرمیں ہندوستان کے مودی،امریکی صدرٹرمپ اورواشنگٹن کی پیشہ ورلابنگ کمپنیوں کے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات نے ایک ایساسوال پیداکیا ہے جس کی بازگشت محض نئی دہلی کی سیاسی گلیوں تک محدودنہیں رہی،بلکہ سفارتکاری کے اصولوں اورجمہوری جوابدہی کے مباحث تک پہنچ گئی ہے۔
سوال بظاہرسادہ،مگراپنے مضمرات میں نہایت گہراہے:کیاہندوستانی حکومت نے امریکی اقتدارکے مراکز تک رسائی،سیاسی رابطوں کے فروغ اوراپنے سفارتی مفادات کی ترجمانی کیلئے خطیرمعاوضے پرایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کیں جن کے سربراہان صدر ٹرمپ کے قریبی حلقوں سے وابستہ تھے؟اورکیااس پیشہ ورانہ تعلق کووزیرِاعظم مودی کے حق میں امریکی صدرکے تعریفی بیانات سے جوڑناحقیقت پرمبنی ہے یامحض سیاسی الزام؟ان سوالات کاجواب جذبات کے ہنگامے میں نہیں،بلکہ دستاویزات،تاریخی پس منظر، سرکاری وضاحتوں اورسیاسی بیانات کے محتاط مطالعے میں تلاش کرناچاہیے۔
بین الاقوامی تعلقات کی دنیامیں سفارتکاری ہمیشہ وزارتِ خارجہ کے دفاتراورسفارتی ضابطوں تک محدودنہیں رہی۔مختلف ریاستیں اپنے سیاسی،معاشی اورتزویراتی مفادات کی ترجمانی کیلئے ایسے اداروں اورشخصیات کی خدمات حاصل کرتی رہی ہیں جومتعلقہ ملک کے حکومتی،پارلیمانی اورعوامی حلقوں میں اثرورسوخ رکھتے ہوں۔امریکہ میں اس نوعیت کی سرگرمیوں کوایک قانونی اور انتظامی نظام کے تحت منظم کیاجاتاہے،جس کاایک اہم حوالہ یعنی فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ ہے۔اس قانون کے تحت مخصوص شرائط میں غیرملکی مفادات کی نمائندگی کرنے والے افراداوراداروں کواپنی سرگرمیوں،معاہدوں اورمتعلقہ معلومات کااندراج کراناہوتا ہے۔اس نظام کابنیادی مقصدغیرملکی مفادات کی نمائندگی میں شفافیت پیداکرناہے۔
تاہم یہاں ایک بنیادی فرق ملحوظ رہناچاہیے۔کسی ملک کی جانب سے امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنابذاتِ خودغیرقانونی سرگرمی نہیں،اورنہ ہی ایسی کسی فرم کے ذریعے سیاسی روابط قائم کرنالازمابدعنوانی کاثبوت ہے۔اصل سوال اس وقت پیدا ہوتا ہے جب پیشہ ورانہ نمائندگی اورحکومتی فیصلہ سازی کے درمیان تعلق کی نوعیت غیرواضح ہوجائے۔ کیاایک لابنگ فرم محض قانون سازاداروں میں کسی ملک کے نقط نظرکی وضاحت کررہی ہے؟کیاوہ میڈیامیں متعلقہ ریاست کامقف پیش کررہی ہے؟یااس کی ذمہ داری میں ایوانِ صدرکے اعلی حکام کے درمیان براہِ راست رابطوں کااہتمام بھی شامل ہے؟یہی وہ امتیازہے جس نے ہندوستانی حکومت اورامریکی لابنگ کمپنیوں کے تعلقات کوایک نئے سیاسی تنازع کاموضوع بنادیاہے۔
ہندوستانی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق واشنگٹن میں ہندوستانی سفارت خانہ1948سے امریکی لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کرتاآرہاہے۔یہ تاریخی حوالہ اس لیے اہم ہے کہ اس سے موجودہ معاملے کوایک طویل سفارتی روایت کے تناظرمیں سمجھنے کی ضرورت سامنے آتی ہے۔جدیدریاستوں کے تعلقات محض سفارتی تقریبات،سرکاری ملاقاتوں اورمشترکہ اعلانات سے عبارت نہیں ہوتے ۔ان کے پس منظرمیں مسلسل سیاسی مشاورت،مختلف اداروں تک رسائی اورقومی مفادات کے حق میں رائے عامہ ہموارکرنے کی کوششیں بھی شامل ہوتی ہیں۔لیکن کسی عمل کاتاریخی تسلسل اس کی ہرنئی صورت کوسوالات سے بالاترنہیں کردیتا۔
اگرایک سفارت خانہ کئی دہائیوں سے پیشہ ورانہ نمائندگی حاصل کرتارہاہے تویہ حقیقت اس بات کی توضیح ضرورفراہم کرتی ہے کہ لابنگ کوئی نئی روایت نہیں۔تاہم اس سے یہ نتیجہ خود بخوداخذنہیں ہوتاکہ ہرمعاہدے کی نوعیت،ہرادائیگی کامقصداورہرسیاسی رابطے کاطریقہ یکساں رہاہے۔یہی وجہ ہے کہ موجودہ اختلاف کامرکزلابنگ فرموں کی موجودگی سے زیادہ ان کے مخصوص کرداراور خدمات کی نوعیت ہے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاہے کہ ہندوستانی حکومت نے اپریل2025میں امریکی فرم ایس ایچ ڈبلیوپارٹنرزایل ایل سی کے ساتھ معاہدہ کیاتھا۔رپورٹ کے مطابق اس معاہدے میں بعدازاں مزیدایک سال کی توسیع کی گئی۔اس کمپنی کے سربراہ جیسن ملرتھے،جنہیں ڈونلڈٹرمپ کے قریبی سیاسی حلقوں سے وابستہ شخصیت کے طورپرپیش کیاگیا۔رپورٹ میں امریکی فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ کے تحت جمع کرائی گئی دستاویزات کاحوالہ دیتے ہوئے دعوی کیاگیاکہ مئی اور جون کے دوران ہندوستانی حکومت اوروائٹ ہاس کے سینئرحکام کے درمیان آٹھ ٹیلی فون رابطوں کے اہتمام میں اس کمپنی نے کردار اداکیا۔یہ آٹھ رابطے اس پوری داستان کا نہایت اہم پہلوہیں۔ان رابطوں کودستاویزات میں مبینہ طورپرسیاسی سرگرمیوں کے زمرے میں رکھاگیا،جبکہ ان کابنیادی موضوع امریکااورہندوستان کے دوطرفہ تعلقات بتایا گیا۔یہاں دوالگ حقیقتوں کے درمیان فرق قائم رکھناضروری ہے۔پہلی یہ کہ ایک لابنگ فرم نے،متعلقہ رپورٹ کے مطابق،اعلی سطح کے سرکاری رابطوں کے انتظام میں کردار ادا کیا۔ دوسری یہ کہ اس انتظام کامقصدلازماکسی مخصوص سیاسی شخصیت کی ذاتی تعریف حاصل کرناتھا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرِخارجہ مارکوروبیو کے ہندوستان کے دورے سے قبل دونوں حکومتوں کے اعلی حکام کے درمیان مختلف ٹیلی فون رابطے کرائے گئے۔رپورٹ میں جن امریکی شخصیات کاذکرکیاگیا،ان میں وزیرِخزانہ سکاٹ بیسنٹ،نائب قومی سلامتی کے مشیرمائیکل نیڈہم اورانسدادِدہشتگردی ومالیاتی انٹیلی جنس کے امور سے متعلق اعلی عہدے دارجین لینگ شامل تھے۔یہ نام اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مذکورہ رابطوں کاموضوع محض عمومی تعلقاتِ عامہ تک محدودنہیں بتایاگیا،بلکہ ان کا تعلق حکومت کے اہم انتظامی اورپالیسی سازحلقوں سے تھا۔
وزارتِ خزانہ،قومی سلامتی اورمالیاتی انٹیلی جنس جیسے شعبے ریاستی فیصلوں میں خاص اہمیت رکھتے ہیں۔مذکورہ رپورٹ میں یہ بھی بتایاگیاکہ جون میں مارکوروبیوکے دورے کے بعد مزیداعلی سطحی روابط ہوئے۔اس تفصیل کاتحقیقی تقاضایہ ہے کہ اصل دستاویزات ،رابطوں کی نوعیت،ان کے طے شدہ مقاصداورمتعلقہ اداروں کے باقاعدہ کردارکاالگ الگ جائزہ لیا جائے۔اس معاملے کاایک قابلِ توجہ پہلوجیسن ملرکی حیثیت میں آنے والی تبدیلی ہے۔
23جون کوایس ایچ ڈبلیوپارٹنرزکے ساتھ ہندوستانی حکومت کامعاہدہ اس وقت ختم ہواجب جیسن ملرٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ خصوصی سرکاری ملازم کی حیثیت سے وابستہ ہوگئے۔یہ واقعہ نجی سیاسی اثرورسوخ اورسرکاری ذمہ داری کے درمیان موجودحساس سرحدکی طرف توجہ مبذول کراتاہے۔سیاسی مشاورت،حکومتی رسائی اورپیشہ ورانہ نمائندگی کے میدان میں کام کرنے والے افرادجب سرکاری عہدوں سے وابستہ ہوتے ہیں تومفادات کے ممکنہ تصادم سے بچنے کیلئے واضح ضابطوں اورشفافیت کی اہمیت بڑھ جاتی ہے البتہ یہ تبدیلی اس وسیع ترسوال کوضرورنمایاں کرتی ہے کہ جدیدسیاسی نظام میں نجی مشاورتی اداروں اور سرکاری اقتدارکے مراکزکے درمیان حدودکس قدرواضح اورمؤثررہنی چاہییں۔
اس پوری بحث میں سب سے زیادہ سیاسی توجہ جس رقم نے حاصل کی،وہ ماہانہ75ہزارامریکی ڈالرہے۔ ٹرمپ کے دوبارہ صدرمنتخب ہونے کے بعد واشنگٹن میں ہندوستانی سفارت خانے نے دو بڑی لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کیں۔ان میں مرکری پبلک افیئرزبھی شامل تھی،جسے ماہانہ75ہزارڈالرکے ریٹینرپر مقررکیا گیا ۔اس فرم کی مرکزی ٹیم میں برائن لانزاشامل تھے،جوماضی میں ٹرمپ کی انتقالِ اقتدارکی ٹیم میں کمیونیکیشنزڈائریکٹرکے طورپرکام کرچکے تھے یعنی ہندوستانی سفارت خانے نے ایسی پیشہ ورانہ ٹیم کے ساتھ معاہدہ کیاجس کے بعض ارکان کوامریکی صدرکے سیاسی ماحول سے سابقہ تعلق حاصل تھا۔
 واشنگٹن میں اثرورسوخ رکھنے والے سیاسی حلقوں تک رسائی مختلف حکومتوں کیلئے قابلِ قدرسمجھی جاتی ہے۔مگریہی وہ مقام ہے جہاں مالیاتی شفافیت اورسیاسی اخلاقیات کے سوالات جنم لیتے ہیں۔ماہانہ75ہزارڈالرکی ادائیگی کس مخصوص خدمت کیلئے تھی؟معاہدے کے تحت کون سی سرگرمیاں انجام دی جانی تھیں؟ان میں میڈیاسے متعلق کام کادائرہ کیاتھا؟اورآیااس رقم کاکسی مخصوص تعریفی بیان یاسوشل میڈیاپوسٹ سے براہِ راست تعلق تھا؟(جاری ہے)