آج سے 20جون تک آندھی، بارش

اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویڑن بھی شامل، کشمیر، جی بی میں موسم غیر مستحکم:محکمہ موسمیات ، احتیاط کی ہدایت 
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) محکمہ موسمیات نے آج سے 20 جون کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، تیز ہوا ئوں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ مغربی ہوا ئوں کا ایک مضبوط سلسلہ آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں بھی بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے زیر اثر مختلف علاقوں میں بارشوں، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم سمیت مختلف اضلاع میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ڑالہ باری ہو سکتی ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم غیر مستحکم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سائن و بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پانی جمع ہونے کے خدشات بھی ہیں۔