گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والا انوکھا پینٹ

لاہور(نیٹ نیوز)متعدد ممالک میں آج کل شدید گرمی اور ہیٹ ویوز کے باعث کروڑوں افراد معمول سے زیادہ درجہ حرارت کا سامنا کر رہے ہیں۔گرم موسم میں ائیر کنڈیشنر(اے سی) کے بغیر گزارا کرنا مشکل محسوس ہوتا ہے مگر اکثرمقامات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ یا اے سی نہ ہونے یا مالی سکت نہ ہونے کے باعث اس ٹھنڈی مشین کا استعمال ممکن نہیں ہوتا۔یہی وجہ ہے کہ سائنسدانوں کی جانب سے ایسے متبادل ٹیکنالوجیز پر کام کیا جا رہا ہے جو اے سی کی ضرورت ختم کردے۔امریکی ریاست نیویارک کے علاقے میں ایک نیا گھر خریدنے والے ڈیزائنر اور موجد جو ڈوکیٹ چاہتے تھے کہ ان کے گھر کا باہری حصہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی روک تھام میں کردار ادا کرے۔انہوں نے بتایا کہ 'پہلے میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ گھر پر کونسے رنگ کا پینٹ کرانا چاہیے'۔یہ پہلے سے ثابت ہوچکا ہے کہ ہلکے رنگ کی عمارات حرارت کو منعکس کر دیتی ہیں اور اندرونی حصے کو کسی حد تک ٹھنڈا رکھتی ہیں جبکہ گہرا رنگ حرارت کو جذب کرتا ہے جس سے گرمی کا احساس بڑھ جاتا ہے۔ایک سال تک اس پر کام کرنے کے بعد انہوں نے دریافت کیا کہ اگر گھر کے باہر سیاہ رنگ کا پینٹ ہو تو موسم سرما میں اندرونی درجہ حرارت سفید پینٹ والے گھر کے مقابلے میں اوسطاً 13 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوتا ہے جبکہ موسم گرما میں سفید پینٹ والا گھر اندر  سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ٹھنڈا ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تو سوال یہ نہیں تھا کہ گھر پر سیاہ یا سفید پینٹ کیا جائے، بلکہ یہ تھا کہ سردیوں میں سیاہ جبکہ گرمیوں میں سفید رنگ ہونا چاہیے، مگر گھر میں سال میں 2 بار رنگ کرانا ممکن نہیں۔تو انہوں نے جو حل نکالا وہ گھر کے بیرونی حصے کو گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔