ایس ایچ او بڈھ بیر نے ایف سی آر کا قانون نافذ کررکھا ہے،فوری معطل کیا جائے ورنہ احتجاج کیا جائیگا
گیلپ سروے والا( ن) لیگ کا ٹکٹ ہولڈر، اب جھوٹی باتوں کا چورن نہیں بکے گا،پی ٹی آئی رہنما کابیان
پشاور؍ اسلام آباد(آئی ا ین پی ) پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے الزام لگا یا ہے کہ ایس ایچ او نے بڈھ بیر میں ایف سی آر کا قانون نافذ کررکھا ہے۔ایک بیان میں شاندانہ گلزار نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جسے چاہے گھر سے اٹھا لیا جاتا ہے اور غائب کردیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او نے بڈھ بیر میں ایف سی آر کا قانون نافذ کررکھا ہے، علاقے میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پائمال کیا جا رہا ہے، ایس ایچ او کو فوری طور پر معطل کیا جائے ورنہ احتجاج کیا جائے گا ۔دوسری جانب شاندانہ گلزار کے الزام پر آئی جی کے پی ذوالفقار حمید نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او کو ایس ایچ او بڈھ بیر کے خلاف انکوائری کی ہدایت جاری کردی اور 48گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔دریں اثناء رہنما تحریک انصاف شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ گیلپ سروے والا( ن) لیگ کا ٹکٹ ہولڈرہے، اب جھوٹی باتوں کا چورن نہیں بکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کون لوگ ہیں جو جیل جا کر بانی کی منتیں کر رہے ہیں،عمران خان ان کی بات نہیں مان رہا اسی لیے انہیں سہولیات نہیں دی جا رہیں، یہ مسلسل بانی کو ڈیل کی آفر کر رہے ہیں، وہ کہتے ہیں ڈیل نہیں مذاکرات کروں گا۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عالیہ حمزہ پنجاب میں پارٹی کی ہیڈ ہیں،پارلیمانی پارٹی کی نہیں، علی امین گنڈا پورکی بات کی سب نے تائید کی تھی، جب تک بانی کوعلی امین گنڈا پورپراعتماد ہے وہ وزیراعلی رہیں گے۔