آئندہ دو برس میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 13 سے 13.5 فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے
پاکستان کی معیشت استحکام کے راستے پر گامزن، ریٹنگ میں بہتری کی امید ہے: موڈیز ٹیم کو بریفنگ
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان کی معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہے اور ریٹنگ میں بہتری کی امید ہے، وزیر اعظم ذاتی طور پر اصلاحات کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں ، حکومت کی کوشش ہے زیادہ سے زیادہ طبقات کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے اور لیکجز بند کی جائیں، رواں سال دو ٹریلین روپے کی آمدن میں اضافہ حکومت کی خودمختار کوششوں کا نتیجہ ہے، آئندہ دو برس میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 13 سے 13.5 فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔ وزیر خزانہ نے موڈیز ریٹنگ ایجنسی کے ساتھ ایک اہم ورچوئل اجلاس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی ایجنڈے اور استحکام کی جانب پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک اور وزارتِ خزانہ، ریونیو ڈویژن اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے موڈیز ٹیم کو ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور پائیدار و جامع ترقی کی بنیاد رکھنے کے لیے اہم کامیابیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا انہوں نے ٹیم کو آئی ایم ایف پروگرام کے تحت گذشتہ ریویو کا کامیاب اختتام اور اس کے نتیجے میں دوسری قسط کی فراہمی اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی (RSF) میں پیش رفت سے آگاہ گیا۔وزیر خزانہ نے بجٹ میں کیے گئے مالیاتی اقدامات، تجارتی و ٹیرف اصلاحات، برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے اقدامات اور کفایت شعاری کے فیصلوں پر روشنی ڈالی اور امریکا کے ساتھ ترجیحی ٹیرف تک رسائی سے متعلق بات چیت کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا