نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ٹیم خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور پہنچ گئی ہے جہاں وہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی ہے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق ادارہ خیبرپختونخوا حکومت اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو ہر ممکن معاونت فراہم کر رہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف کے لیے امدادی سامان صوبائی حکومت کے حوالے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے مسلسل سول اور عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کر رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ موجودہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مربوط اقدامات کر رہے ہیں تاکہ متاثرین کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ آئندہ دنوں میں شمالی علاقہ جات میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے مزید واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں، حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔سیاحوں کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اگلے 5 سے 6 دن تک شمالی علاقہ جات کا سفر نہ کریں تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہ سکیں۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے کے ساتھ ساتھ پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔