بلوچستان کے عوام اور نوجوان پاکستان سے جڑے ہیں:ڈی جی آئی ایس پی آر

بلوچستان کے عوام اور نوجوان پاکستان سے جڑے ہیں:ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام اور نوجوان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق کو بخوبی سمجھتے ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے زیرِ اہتمام جاری انٹرن شپ پروگرام کے دوران طلباء سے خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے سوالات کے جوابات دیے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ "ہمارے ذہنوں میں یہ ڈال دیا جاتا ہے کہ بلوچستان کے عوام پاکستان سے دور ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ بلوچ عوام سمجھدار اور دور اندیش ہیں، اب وہ خود دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی کر رہے ہیں۔"انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کا کردار کلیدی ہے، کسی بھی علاقے میں آپریشن اس وقت کامیاب ہوتا ہے جب مقامی لوگ دہشت گردوں کو مسترد کریں۔ "یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اسی لیے کیے جاتے ہیں تاکہ بے گناہ متاثر نہ ہوں اور صرف دہشت گرد اور ان کے سہولت کار نشانہ بنیں۔"ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک شخص کی دہشت گردی کی سزا پورے گاؤں یا علاقے کو نہیں دی جا سکتی، لیکن اگر کوئی شہری دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے یا بارودی مواد گھر میں رکھتا ہے تو اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔انہوں نے میجر محمد انور کاکڑ شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کا ایک عظیم سپوت تھے جنہوں نے گوادر حملے میں بھی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جان قربان کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ "کیمبرج یونیورسٹی کے سائنسدان صمد یار جنگ بلیدہ اسکول کے فارغ التحصیل ہیں، شاہ زیب رند نے بھی اپنی محنت سے پہچان بنائی، جبکہ بلوچستان کی بچیاں آج مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر فائز ہیں۔"انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام لسانی اور علاقائی تقسیم سے بالاتر ہو کر کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے۔ "نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی پر، کسی گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو گورے پر کوئی فضیلت نہیں۔ یہی اصول ہمیں آگے لے کر جانا ہے۔"لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے فوج عوام اور صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، تاکہ بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنایا جا سکے۔