موٹر وے پولیس نے چوری شدہ 300 میٹر فینسنگ برآمد کر لی

 ملزمان سے برآمد ہونے والی فینسنگ کی مالیت لاکھوں میں ہے:سید عمران احمد 
 لاہور(کرائم رپورٹر) موٹروے پولیس نے ضلعی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایم-3 پیرمحل کے قریب چوری شدہ 300 میٹر فینسنگ برآمد کر لی، جبکہ دو ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا۔ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق برآمد ہونے والی فینسنگ کی مالیت لاکھوں روپے میں ہے۔ یہ کامیاب کارروائی موٹروے کے قریب چک نمبر 317 جی بی میں خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جہاں چھاپہ مار کر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔مقامی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس واردات میں ملوث دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔ترجمان کے مطابق اس کامیاب کارروائی میں انسپکٹر عدنان حنیف اور ہیڈ کانسٹیبل فرحان رفیق نے مؤثر کردار ادا کیا ایڈیشنل آئی جی سنٹرل ریجن اشرف زبیر صدیقی نے شاندار کارکردگی پر متعلقہ افسران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔