پشاور (خصوصی رپورٹ)ضلع کوہاٹ میں مبینہ غیر قانونی سونے کی کان پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے افسوس ناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک راہگیر سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔پیر کو کوہاٹ پولیس تر جمان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گمبٹ تھانے کی حدود دربو کچ میں پیش آیا جہاں سونے کی کان پر مبینہ طور پر دو گروپوں کے درمیان تنازع کے بعد ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی۔کوہاٹ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے دوران علاقے میں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ گولیوں کی زد میں آکر ایک راہگیر سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی جبکہ پولیس نے فائرنگ میں ملوث افراد اور واقعے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔کوہاٹ پولیس حکام کے مطابق مذکورہ مقام پر سونے کی کان کنی کے حوالے سے دو گروپوں کے درمیان اختلافات پائے جاتے تھے۔