ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ بھارتی بورڈ نے کیا،کوچ بھارتی کرکٹ ٹیم

 ٹرافی نہ لینا سپورٹس مین سپرٹ کے خلاف نہیں ، ہم چمپئن ہیں،امول مزومدار
دبئی(سپورٹس ڈیسک) چیئرمین اے سی سی محسن نقوی سے ایشیا کپ کی ٹرافی وصول نہ کرنے پر بھارتی ویمنز ٹیم کے ہیڈکوچ کا بیان سامنے آگیا۔اتوار کو بھارتی ویمنز ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر 8ویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیاتاہم بھارتی ٹیم ڈریسنگ روم کے باہر دائرہ بناکر موجود رہی اور گراؤنڈ میں نہیں آئی جس کے باعث بھارتی ٹیم کے بغیر ہی تقریب مکمل ہوئی اور بھارتی ویمنز ٹیم نے ٹرافی وصول نہیں کی جس پر ٹرافی اے سی سی نے رکھ لی۔چیئرمین اے سی سی محسن نقوی سے ایشیا کپ کی ٹرافی وصول نہ کرنے پر بھارتی ویمنز ٹیم کے کوچ امول مزومدار نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیا ہے اور ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹرافی نہ لینا سپورٹس مین سپرٹ کے خلاف نہیں ہے، ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ ختم ہوچکا ہے اور ہم چیمپئن ہیں۔پریس کانفرنس میں بھارتی ویمنز ٹیم کے کوچ سے سوال کیا کہ ویمنز ایشیا کپ کی ٹرافی آپ کو کب ملے گی؟ جس پر جواب دیتے ہوئے بھارتی کوچ نے کہا کہ ٹرافی کے بارے میں تو ہمیں کچھ نہیں معلوم، کوئی خبرنہیں کہ ٹرافی کب ملے گی، ویمنز ٹیم نے ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر کیا۔بھارتی کوچ نے کہا کہ بڑے بورڈ پر لکھا تھا کہ بھارت ’ایشیا کپ 2026 کا چیمپئن‘ ہے۔ ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ باضابطہ طور پر ختم ہوچکا ہے اور اب ہماری نظریں ایشین گیمز پر ہیں۔ذرائع کے مطابق ویمنز ایشیا کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کو ٹرافی دینے کا پروٹوکول پہلے سے مکمل طور پر طے تھا اور ٹرافی بھارتی ٹیم کو پیش کرنے کے لیے دستیاب بھی تھی، تاہم بھارتی ٹیم نے خود ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سال بھارتی ٹیم کی ٹرافی بھی اب تک دستیاب ہے اور صرف اس کی وصولی کا انتظار ہے، جبکہ موجودہ ویمنز ایشیا کپ کی ٹرافی بھی بھارتی ٹیم کو دینے کے لیے تیار تھی۔اے سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے اس فیصلے کے باوجود ایشین کرکٹ کونسل کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور کرکٹ کو کھیل ہی کے طور پر آگے بڑھانے کی پالیسی برقرار ہے۔