آئی جی پنجاب کے حکم پر کرپشن اور بدسلوکی پر 53 اہلکار نوکریوں سے برطرف کئے گئے
30 ڈی ایس پیز اور 38 انسپکٹرز عہدوں سے فارغ، اینٹی کرپشن میں مقدمات بھی درج
لاہور (کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب کے سخت احکامات پر پولیس فورس میں کرپٹ افسران اور اہلکاروں کے خلاف بلا امتیاز محکمانہ احتساب کا عمل شدید تیز کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ 12 روز کے دوران کانسٹیبل سے لے کر ڈی ایس پی رینک تک کے 588 پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق سخت کارروائی کی زد میں آنے والے 588 اہلکاروں میں سے 178 کو معطل جبکہ 53 کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے زیادہ 56 اہلکاروں کے خلاف ایکشن لیا گیا، جبکہ رحیم یار خان میں 37، ملتان میں 30، ننکانہ صاحب میں 27 اور بھکر میں 25 اہلکار معطل و برطرف ہوئے۔ کرپشن، رشوت ستانی، غیر قانونی سہولت کاری، تفتیش میں ردوبدل اور منشیات فروشوں کی سرپرستی کے الزامات پر عہدوں سے ہٹائے جانے والوں میں 30 ڈی ایس پیز، 38 انسپکٹرز، 154 سب انسپکٹرز، 123 اے ایس آئیز، 52 ہیڈ کانسٹیبلز، 147 کانسٹیبلز اور 44 ٹریفک پولیس اہلکار شامل ہیں۔ جبکہ کئی اہلکاروں پر اینٹی کرپشن مہم کے تحت باقاعدہ فوجداری مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔