پنجاب بھر کی جیلوں میں 12,071 جدید کیمرے نصب ہوں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیرِ اعلٰی پنجاب جیل ریفارمز ایجنڈہ پر عملدر آمد کرتے ہوئے پنجاب کی تمام جیلوں کو محفوظ تر بنانے کیلئے اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب میں جیل خانہ جات اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے مابین معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ پنجاب سیف جیل منصوبے کے معاہدے پر آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر اور جنرل منیجر این آر ٹی سی سید عامر جاوید نے دستخط کئے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سیف جیل منصوبے کے تحت پنجاب بھر کی جیلوں میں 12,071 جدید کیمرے نصب ہوں گے اور حکومت پنجاب نے منصوبے کیلئے 5 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ جیلوں میں 615 پینک بٹن و پبلک ایڈریس سسٹم اور 328 باڈی کیم نصب ہونگے۔ پنجاب کی جیلوں میں 615 واکی ٹاکی سسٹم، 41 ایکس رے باڈی سکینرز، 41 انڈر وہیکل سرویلنس سسٹم اور فیشل رکگنیشن سسٹم نصب ہونگے۔ سکیورٹی میں بہتری کیلئے 133 سافٹ ویئرز اور جیلوں کے 24 ویڈیو کانفرنس سسٹم معاہدے کا حصہ ہیں۔